اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ صدر اسلامی جمہوریہ ایران ڈاکٹر 'حسن روحانی' اپنے قازق ہم منصب کی باضابطہ دعوت اور اسلامی تعاون تنظیم کی سائنس اور ٹیکنالوجی سربراہی کانفرنس میں شرکت کے لئے ہفتہ کے روز قازقستان کے دارالحکومت 'آستانہ' روانہ ہوگئے.
مہرآباد بین الاقوامی ہوائے اڈے پر سپریم لیڈر کے سنیئر مشیر 'علی اکبر ولایتی'، سنئیر نائب صدر 'اسحاق جہانگیری' اور کابینہ کے بعض وزرا نے صدر روحانی کو رخصت کیا.
نائب ایرانی صدر اور صدارتی اسٹریٹجک ریسرچ سینٹر کے سربراہ 'حسام الدین آشنا' نے اس حوالے سے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ صدر روحانی کے دورہ قازقستان کا مقصد نہ صرف او آئی سی سربراہی کانفرنس میں شرکت ہے بلکہ امت مسلمہ کے اتحاد اور روہنگیا مسلمانوں کو مدد فراہم کرنا بھی اس دورے کے مقاصد ہیں.
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی او آئی سی کانفرنس میں خطاب کریں گے اور اس موقع پر مختلف اسلامی رہنماؤں بشمول اپنے قازق ہم منصب کے ساتھ خصوصی ملاقاتیں بھی کریں گے.
صدارتی اطلاعات و نشریات آفس کے سربراہ 'پرویز اسماعیلی' کے مطابق، دو روزہ او آئی سی سربراہی کانفرنس اتوار کو قازقستان کے دارالحکومت میں شروع ہوگی.
اس اجلاس میں او آئی سی کے سائنس وٹیکنالوجی اور جدت کے 2026ء کے مجوزہ ایجنڈے کو حتمی شکل دی جائے گی جو سربراہ اجلاس کے دوران اسلامی تعاون تنظیم کے رہنمائوں کے سامنے منظوری کیلئے پیش کیاجائے گا.
OIC (او آئی سی) جسے پہلے آرگنائزیشن آف اسلامک کانفرنس کہا جاتا تھا اس کا نام تبدیل کرکے اسلامی تعاون تنظیم رکھ دیا گیا ہے. اس تنظیم میں 57 اسلامی ممالک شامل ہیں جو اقوام متحدہ کے بعد دنیا کی سب سے بڑی عالمی بین الاحکومتی تنظیم ہے.
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲